نئی دہلی، 17؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) سال2016ء کے جے این یو کیس میں دہلی کی ایک مقامی عدالت نے منگل کو عمر خالد، کنہیا کمار اور دیگر 8؍ ملزمین کو15؍ مارچ کو عدالت میں حاضر رہنے کیلئےسمن جاری کردیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ 5؍ سال پرانے اس کیس میں اب باقاعدہ شنوائی شروع ہونے جارہی ہے ۔
سال5؍ بعد مقدمے کی شنوائی کا آغاز: دہلی سرکار سے مقدمہ چلانے کی اجازت ملنے کے ایک سال بعد منگل کو کورٹ نے دہلی پولیس کے ذریعہ داخل کی گئی چارج شیٹ کو قبول کرتے ہوئے مقدمے کی شنوائی کا آغاز کافیصلہ کیا۔ کنہیا کمار ،عمر خالد اور انربان بھٹاچاریہ کے علاوہ جے این یو کے اس وقت کے کشمیری طلبہ عاقب حسین، مجیب حسین گٹو، منیب حسین گٹو، عمر گل، رئیس رسول، بشارت علی اور خالد بشیر بٹ کو بھی 15؍ مارچ کو کورٹ میں حاضر ہونا ہوگا۔
کیس کیوں درج ہواتھا، کیا ثبوت ہیں؟ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں فروری2016ء میں پارلیمنٹ حملے کے مجرم افضل گروکی برسی کے موقع پر ایک پروگرام کا انعقاد کیاگیاتھا۔ الزام ہے کہ 9؍ فروری کو اس پروگرام کے دوران کنہیا کمار کی قیادت میں ایک جلوس نکالاگیاتھا جس میں ملک سے غداری کے نعرے لگائے گئے تھے۔ واضح رہے کہ اس ضمن میں نیوز چینلوں نے جو ویڈیو بڑھا چڑھا کر نشر کئے تھے ان کے بارے میں بعد میں معلوم ہوا کہ وہ سب ایسے ہی جن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے البتہ 1200؍صفحات پر مشتمل چارج شیٹ میں کئی شواہد ہونے کا دعویٰ کیاگیاہے۔
ثبوت کے طور پر عمر خالد کا ایس ایم ایس: چارج شیٹ کے مطابق ریجنل فورنسک سائنس لیباریٹری نے وہ ایس ایم ایس دوبارہ نکال لینے میں کامیابی حاصل کرلی ہے جو عمر خالد نے کنہیا کمار کو بھیجا تھا۔ ایس ایم ایس میں عمر خالد نے کنہیا کمار کو جو اس وقت جے این یو طلبہ یونین کے صدر تھے، سابرمتی ڈھابہ پہنچنے کیلئے کہاتھا۔ عمر نے اطلاع دی تھی کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے احتجاج کی اجازت منسوخ کردی ہے۔
مقدمہ کی منظوری ، ملزمین کو حاضری کا حکم: عمر خالد، کنہیا کمار اور دیگر ملزمین کے خلاف داخل کی گئی چارج شیٹ کو کورٹ نے قبول کرلیا ہے،مقدمہ چلانے کی کارروائی کے آغاز کیلئے ملزمین کو طلب کرتے ہوئے چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ (پٹیالہ ہاؤس کورٹ)ڈاکٹر پنکج شرما نے کہا ہے کہ ’’دہلی حکومت کی وزارت داخلہ ملزمین کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت پہلے ہی 27؍فروری2020ء کو دے چکی ہے۔چارج شیٹ اور پیش کئے گئے مواد کا بغور جائزہ لینے کے بعد تمام ملزمین کو مقدمے کا سامنا کرنے کیلئے طلب کیا جاتا ہے۔ وہ 15؍ مارچ کو حاضر رہیں۔ ‘‘
عمر خالد پہلے ہی جیل میں ہیں: جے این یو کے سابق طالب علم اور اس کیس کے کلیدی ملزم عمر خالد پہلے ہی جیل میں ہیں۔ شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مظاہروں میں پیش پیش رہنےوالے عمر خالد کو دہلی پولیس نے دہلی فساد کی سازش رچنے کا ملزم بنادیاہے۔ انہیں جیل سے ہی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔